برازیل کے شہر ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں سنگاپور نے جہاں تاریخ کا اپنا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا وہیں امریکہ 50 تمغوں کے ساتھ بدستور پہلے جب کہ چین دوسرے نمبر پر ہے۔
ریو میں ایتھلیٹکس کا دور شروع ہو چکا ہے اور جمعے کو خواتین کی 10,000 میٹر دوڑ
میں نیا ریکارڈ قائم ہوا۔
ایتھوپیا کی الماز آیانا نے سنہ 1993 میں چین کی
وانگ جنشیا کے قائم کردہ عالمی ریکارڈ کو توڑ کر 10,000 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے یہ فاصلہ 29 منٹ اور 47.45 سیکنڈز میں طے کیا اور 14 سیکنڈ کے فرق سے نیا عالمی اور اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔
دوسری جانب سنگاپور کے جوزف سکولنگ نے اپنے ملک کے لیے اولمپکس کی تاریخ کا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا۔
انھوں نے دنیا کے سب سے زیادہ طلائی تمغہ حاصل کرنے والے امریکی تیراک مائیکل فلپس کو 100 میٹر بٹر فلائی میں شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔